عمران خان گھبرائیں نہیں، وصیت پبلک کریں اور سازش کرنیوالوں کے نام بتائیں، وزیراعلیٰ سندھ

May 16, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جب سابق وزیراعظم نے لوگوں کے فون نمبرز بلاک کردیئے جنہیں وہ اپنا دشمن سمجھتے ہیں تو انہیں دھمکی کیسے ملی جسکا انکشاف انہوں نے اپنے سیالکوٹ کے جلسہ میں کیا، عمران نیازی کو مشورہ ہے کہ وہ اس شخص (افراد) کا نام ظاہر کریں جس نے انہیں دھمکی دی ہے یا ان کیخلاف سازش کی ہے تاکہ متعلقہ حکومت ضروری کارروائی کر سکے،لیکن وہ (عمران خان) کہتے ہیں کہ نام ظاہر تب کیے جائینگے، اگر خدا نہ کرے، وہ مارے جائیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ گھبرا رہے ہیں، یہ ایک مختلف معاملہ ہے اور اسے سیاسی ٹولے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔یہ بات انہوں نے ایکسپو سینٹرز میں مائی کراچی ایکسپو کے منتظمین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اطلاعات شرجیل میمن، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیئرمین بزنس گروپ زبیر موتی والا، صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، جنرل سیکرٹری اے کیو خلیل اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی نظر میں کسی ادارے یا کسی شخص کی کوئی عزت نہیں وہ اقتدار میں واپسی کیلئے سب کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت کو سیاسی اور جمہوری عمل کے ذریعے ہٹایا گیا، لیکن وہ دوسروں پر الزامات لگا رہے ہیں۔ قومی معیشت کی حالت کے بارے میں ایک سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ ساڑھے تین سال قبل آصف علی زرداری نے انہیں (اسوقت کے وزیر اعظم عمران خان) کو قومی اسمبلی کے فلور پر چارٹر آف اکانومی پر دستخط کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن عمران نیازی نے کوئی توجہ نہیں دی۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے انہیں مشورہ دیا تھا لیکن عمران خان ان دنوں اندھے گھوڑے پر سوار تھے۔