کراچی ( اسٹاف رپورٹر) تحریک آزادی القدس کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں آزادی قبلہ اول ریلیاں نکالی گئیں، شہر قائد میں مرکزی ریلی نمائش تا تبت سینٹر نکالی گئی، ریلی میں مختلف مسالک و مذاہب کے علما اور عمائدین، سیاسی شخصیت کے ساتھ سول سوسائٹی کے افراد، وکلا برادری اور ڈاکٹرز سمیت ہزاروں مردو خواتین اور بچوں نے شرکت کی، شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ یوم القدس صرف فلسطینیوں کے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے مظلوموں کے لئے آواز احتجاج بلند کرنے کا دن ہے،اختتامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ برادر اسلامی ملک ایران پر ناجائز حملہ در اصل پورے عالم اسلام پر جارحیت ہے۔مقررین نے کہا کہ رہبر معظم شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد احتجاج کرنے والے نوجوانوں پرفائرنگ، لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی جس سے تقریبا دو درجن افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے، شرکا سے مرکزی صدر آئی ایس او امین شیرازی، صوبائی وزیر ناصر شاہ، مولانا امین شہیدی، مولانا ناظر عباس تقوی، صدر کراچی بار عامر نواز وڑائچ، مولانا مرزا یوسف حسین اور دیگر نے خطاب کیا، پنڈال میں شہدائے میناب اسکول کی یاد میں درجنوں بستے اور پھول رکھے گئے تھے۔