3خودکشیاں‘ اندھے قتل کا سراغ2افراد جاں بحق‘ 15زخمی‘ 13اغواء

May 16, 2022

راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ کلر سیداں‘ بیول‘ لاوہ‘ کوٹلی ستیاں‘ سرائے عالمگیر‘ پنڈی گھیب‘ دینہ‘ اٹک‘ چکوال‘ جہلم (سٹاف رپورٹر‘ خصوصی نامہ نگار‘ نمائندگان جنگ) کلر سیداں دوبیرن روڈ پر کھڈ بناہل کے قریب موڑ کاٹتے گاڑی الٹنے سے یوسی مناندہ کا سابقہ کونسلر اسلم گجر انتقال کر گیا۔ دندہ شاہ بلاول کے رہائشی نوجوان لاجور نے پب جی گیم کا پارٹ پورا نہ ہونے پر درخت سے پھندا لگا کر خود کشی کر لی۔ سواں چھاپر پل کے نزدیک نالے میں نہاتے 17سالہ نوجوان محمد افضال ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ نہر اپر جہلم سے کھاریاں کے رہائشی کی نعش ملی‘ ایس ایچ او تھانہ سٹی مبارک شاہ کے مطابق متوفی نے خود کشی کی۔ کلر سیداں‘ بیول کے علاقہ میں 14سالہ نوجوان عارف نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔ راولپنڈی رتہ امرال پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزم جان محمد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے فاتح گل کو مسجد جاتے ہوئے فائرنگ سے قتل کر دیا تھا۔ پنڈی گھیب شہباز پور ڈیم پر محمد رضوان نامعلوم افراد کے تشدد سے شدید زخمی ہو گیا۔ دینہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں 2افراد محمد رشید اور جبار شدید زخمی ہو گئے۔ کلر سیداں میں آندھی کے دوران متعدد موٹر سائیکل سوار آپس میں ٹکرا کر زخمی ہو گئے۔ اسلام آباد لڑائی جھگڑوں میں 8جبکہ راولپنڈی میں 4افراد زخمی ہو گئے۔ کروڑوں کی منشیات کے پی سے پنجاب اسمگل کرنیکی کوشش پر ظفر شہزاد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر 65پٹرول پمپوں کی چیکنگ کی گئی۔ اسلام آباد سے شادی شدہ خواتین سمیت4 لڑکیوں اور2 لڑکوں جبکہ راولپنڈی سے ماں اور شیرخوار بچی سمیت 7لڑکیوں کو اغواء کر لیاگیا۔ ضلع راولپنڈی میں 24گھنٹے کے دوران کورونا کے 2مریض رپورٹ ہوئے۔ چکوال میں 8قمار بازگرفتار جبکہ جہلم میں بھی 8جواریوں کو دھر لیا گیا۔ پولیس نے دائو پر لگی ہزاروں روپے نقدی‘ 18موبائل‘ 2رکشے برآمد کرلئے۔