اسلام آباد ( نیو زرپورٹر ) امیر جماعت اسلامی پنجاب و نگران اجتماع عام شعبہ خواتین ڈاکٹر طارق سلیم کی زیر صدارت اکیس، بائیس اور تیئس نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں ہو نے والے عظیم الشان کل پاکستان اجتماع عام میں خواتین کی شرکت اور اس سلسلے میں کیے جانے والے انتظامات کے حوالے سے جائزہ و مشاورتی اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا، اجلاس میں ناظمہ اجتماع عام شعبہ خواتین ثمینہ سعید، انچارج خواتین پنڈال احمد سلمان بلوچ اور دیگر نے بھی شر کت کی۔ شر کا ء سے گفتگو کر تے ہو ئے ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا نومبر میں ہو نے والے اجتماع عام ملکی تاریخ کا سب سے بڑااجتماع ہو گا جس میں لاکھوں مرد وخواتین اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ شریک ہوں گے، اجتماع عام مو جو دہ استحصالی نظام کو بدلنے کے لیے پیش خیمہ ثابت ہو گا، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اجتماع عام میں چہرے نہیں نظام کو بدلنے کا پروگرام دیں گے،انھوں نے کہا اجتماعِ عام میں ملک بھر سے خواتین بڑی تعداد میں شریک ہونگی، 80 ممالک سے بیرونی مندوبین بھی اجتماع عام میں شر یک ہوں گے،،سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، ہزارہ، کشمیر، گلگت بلتستان سے شرکاء رنگ و نسل، تعصبات، فرقہ پرستی سے بالاتر ہوکر شریک ہونگے،عوام فرسودہ، ناکارہ، عوام دُشمن نظام سے تنگ اور اِس کے باغی ہیں۔ ’’بدل دو نظام‘‘ کے سلوگن کے ساتھ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن اجتماعِ عام میں قومی پُرامن مزاحمت اور جدوجہد کا لائحہ عمل دیں گے۔