اسلام آباد( نیو زرپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے آسان خدمت مرکز شاہین چوک انڈر پاس کے تعمیراتی منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت کردی ہے ،چیرمین سی ڈی اے نے منگل کے روز سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور متعلقہ افسران کے ہمراہ جی نائن مرکز میں زیر تعمیر "آسان خدمت مرکز" کا دورہ کیا اور "آسان خدمت مرکز" میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا بھی دورہ کیا ، انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کو اسکی ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کریں اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کوآسان خدمت مرکز اور شاہین چوک انڈر پاس منصوبے سے متعلق تعمیراتی سرگرمیوں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبوں پر کام میں تیزی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ کام تیزی سے جاری ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری لانے کیلئے انتہائی پرعزم ہیں۔