• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تفتیشی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے،آئی جی اسلام آباد کی ہدایت

اسلام آباد ( ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار ) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس میں رات گئے تک اہم میٹنگز کا انعقاد کیا گیا، جن میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، اے آئی جی لیگل، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی سٹی، سی ٹی او اسلام آباد اور ایس پی ٹریفک نے شرکت کی،میٹنگز کے دوران آئی جی اسلام آباد نے سنگین نوعیت کے مقدمات کی تحقیقات و تفتیش کے تمام پہلوؤں، چالان کی تیاری،قانونی کمزوریوں کے ازالے اور عدالتوں میں مقدمات کی موثر پیروی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا،انہوںنے اس موقع پر افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید پولیسنگ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیشی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے تاکہ تفتیشی عمل میں تیزی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے،آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ فرانزک شواہد کی بروقت فراہمی، ڈیجیٹل ذرائع سے معاونت، اور جدید ڈیٹا اینالسز کے استعمال سے نہ صرف کیسز کے حل کی رفتار میں اضافہ ہوگا بلکہ انصاف کی فراہمی کا عمل بھی زیادہ موثر اور قابلِ اعتماد بنے گا،،آئی جی اسلام آباد نے سی ٹی او اسلام آباد اور ایس پی ٹریفک کے ساتھ ٹریفک کے موثر انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، انہوں نے سی ٹی او اسلام آباد کو ہدایت دی کہ شہر میں جاری ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے خصوصی ڈپلائمنٹ کی جائے تاکہ رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو متبادل راستوں اور ٹریفک پلان سے متعلق بھی بھرپور آگاہی فراہم کی جائے،آئی جی اسلام آباد نے لائسنسنگ کے نظام کو مزید بہتر اور شفاف بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا اور شہریوں کی آسانی کے پیشِ نظر نئے اور معیاری ڈرائیونگ ٹیسٹ ٹریکس کے قیام کی ہدایات بھی جاری کیں، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہر میں امن و امان کے قیام ،جرائم کے انسداد کے ساتھ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔
اسلام آباد سے مزید