ملکی مسائل کے حل کیلئے بہترین بیوروکریسی کی ضرورت ہے، میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سیمینار

May 16, 2022

لاہور (رپورٹ:اقرا اسلم) پاکستان میں اس وقت جو مسائل درپیش ہیں ان کے لئے بہترین ماہرین اور بیوروکریسی کی ضرورت ہے، ہمیں پاکستان میں ایسے اداروں کے قیام پر زور دینا چاہئے جو مستقبل کے لئے بہترین بیوروکریٹس پیدا کر سکیں، جو پاکستان کے حقیقی مسائل سے آگاہ بھی ہوں اور ان کو حل کرنا بھی جانتے ہوں۔ان خیالات کااظہار میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی جنگ گروپ آف نیوز پیپرز اور الامین اکیڈمی (سی ایس ایس، پی ایم ایس سکالرشپ پروجیکٹ) کے زیر اہتمام خصوصی سیمینار بعنوان ’’اسلامی ریاست میں فروغ تعلیم اور بیوروکریسی کا کردار‘‘ میں مختلف ماہرین نے اپنے خطاب میں کیا۔ حرف آغاز پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے پیش کیا جبکہ میزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی جنگ گروپ آف نیوز پیپرز واصف ناگی نے سر انجام دیئے۔ اس موقع پرسینئر صحافی سہیل وڑائچ نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ الامین اکیڈمی سے جو مستقبل کے بیورو کریٹس تیار ہو کر آئیں وہ پاکستان کو ایک فلاحی اسلامی ریاست بنانے میں موثر کردار ادا کریں گے۔ سابق وزیر خزانہ انجم نثار نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جو طالب علم اپنے تعلیمی اخراجات برداشت نہ کر سکیں حکومتی اورنجی تعلیمی ادارے ایسے لوگوں کی مدد کریں۔ ڈاکٹر زین علی بھٹی نے کہا کہ ملک کے وقار کے لئے بیوروکریسی اور سیاستدانوں کو مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔جیو نیوز خبرناک سے علی میر نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کے نصاب کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ میاں طاہر حمید ڈائریکٹر الامین اکیڈمی نے کہا کہ اکیڈمی کے لئے ہم دن رات ایک کر دیں گے۔ سیمینار میں شیخ محمد سعید، جیو نیوز خبرناک کے علی میر، لندن کے صحافی طاہر چوہدری، میجر رفیق حسرت، سابق ڈی آئی جی نوید الٰہی، قاری غلام حسین نقشبندی، محمد فرید، ڈاکٹر حسین پراچہ، معروف کالم نگار ضمیر آفاقی، ڈاکٹر پیر طارق شریف، خالد ارشاد صوفی ودیگرنے بھی اظہارخیال کیا۔