نومنتخب پاکستان نژاد کونسلرز مقامی سیاست میں بھرپور حصہ لیں، سید زاہد رضا

May 17, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کے قونصل جنرل سید زاہد رضا نے اسکاٹ لینڈ کے حالیہ کونسل الیکشن میں نومنتخب پاکستان نژاد کونسلرز کے اعزاز میں عصرانہ دیا، جس میں حنیف راجہ ، حنظلہ ملک، ثریا صدیق، راشد حسین، ثاقب احمد، فائزہ اخلاق، عمران عالم اور زین غنی نے شرکت کی۔ قونصل جنرل پاکستان سید زاہد رضا نے اس موقع پر خطاب میں اسکاٹ لینڈ میں بسنے والے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں مقامی سیاست میں بھرپور حصہ لیں، اس طریقے سے وہ نہ صرف اپنے رہائشی ملک بلکہ اپنے آبائی ملک پاکستان کی بھی زیادہ بہتر خدمت کرسکتے ہیں۔ سید زاہد رضا نے کونسلرز کو پاکستان قونصلیٹ کی طرف سے مختلف شہروں میں منعقد کی جانے والی سرجریز اور دیگر سروسز سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے نئے کونسلرز سے کہا کہ وہ اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں میں پہنچ کر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے آواز بلند کریں اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں۔ سید زاہد رضا نے بتایا کہ ہم اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کے یوم آزادی کی75ویں سالگرہ کی تقریبات کو منانے کے لیے بھرپور تیاریاں کررہے ہیں اور اس سلسلہ میں مختلف عمارتوں پر پاکستان کا پرچم لہرایا جائے گا، اسپورٹس گالا اور دیگر کئی مختلف قسم کے ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے۔ کونسلرز نے اس سلسلہ میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ کونسلر حنیف راجہ نے اس موقع پر سید زاہد رضا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کسی قونصل جنرل نے پاکستان نژاد کونسلرز کے منتخب ہونے پر دعوت منعقد کی ہے۔ حنیف راجہ نے کہا کہ گلاسگو اور لاہور جڑواں شہر ہیں، چنانچہ گلاسگو سٹی کونسل بھی پاکستان کے75ویں یوم آزادی کی تقریب میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ تقریب میں نارتھ لنارکشائر سے کونسلر دانش اشرف اور ایبر ڈین سے کونسلر توقیر اپنی پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث عصرانہ میں شریک نہ ہوسکے۔