سندھ ہائیکورٹ، جعلی ڈومیسائل کی چھان بین رپورٹ اور ٹی او آر طلب

May 17, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے جعلی ڈومیسائل کی چھان بین کیلئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیز کی رپورٹ اور ٹی او آرز طلب کرلئے۔ پیر کو عدالت عالیہ میں سرکاری وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات ہو رہے ہیں۔ اس کیلئے کمیٹی میں دونوں جماعتوں کے لوگ شامل ہیں۔ ان مذاکرات میں ڈومیسائل کا معاملہ بھی شامل ہے۔ عدالت نے پی پی اور ایم کیو ایم مذاکراتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن سمیت ٹی او آرز طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اس مذاکراتی کمیٹی میں کیا طے ہو رہا ہے اور ڈومیسائل کے متعلق بھی بتا دیں۔ عدالت نے ڈومیسائل کی چھان بین کیلئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیز کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ خواجہ اظہار کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کے ٹی او آر طلب کرنے کی مخالفت کی گئی۔ خواجہ اظہار نے کہا کہ اس کیس سے مذاکراتی کمیٹی سے ٹی او آرز کا تعلق نہیں بنتا۔ سرکاری وکیل سندیب کمار نے کہا کہ حکومت نے جعلی ڈومیسائل کی شکایات پر کمیٹی تشکیل دی۔ اس کمیٹی نے چار اضلاع میں 423 ڈومیسائل کی چیک کئے۔ ان چار اضلاع میں 150 جعلی ڈومیسائل کی نشاندہی کی۔ عدالت نے مزید سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔