صوبہ بھر میں صاف پنجاب مہم کا آغاز کردیا گیا

May 17, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر16 مئی سے صوبہ بھر میں صاف پنجاب مہم کا آغاز کردیا گیا ہے،حکومت نےصوبہ کی تمام ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو 4 ماہ پر مشتمل شارٹ ٹرم صفائی پلان پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پلان میں نظر انداز کئے گئے علاقوں میں صفائی پر زیادہ فوکس کیا جائے،حکومت پنجاب نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں سے صفائی سرگرمیوں کی ٹائم لائن ،استعمال ہونیوالی افرادی قوت،مشینری اور وسائل کی تفصیل،پلان میں شامل علاقوں اور آبادی کا ڈیٹا بھی طلب کر لیا ہے، منصوبے پر عملدرآمد کے لئے مربوط ایکشن پلان بنانے کی ہدایت دی گئی ہیں اور صفائی کی سرگرمیوں کو روزانہ کی بنیاد پر ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی ہے، سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر کی ہدایت پر کمپنی انتظامیہ نے شارٹ ٹرم پلان تیار کرلیا ہے جس پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے، پلان پر عملدر آمد بارے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے کہا ہے کہ کمیونٹی کے نمائندہ افراد اور انتظامیہ کے افسران کو اس بارے اعتماد میں لیاجائے گا، روزانہ ایک یونین کونسل کو زیرو ویسٹ کے حوالے سے ٹارگٹ کیا جائے گا اور شہریوں کو صفائی بارے واضح تبدیلی نظر آئے گی،شہر میں معمول کا صفائی آپریشن بھی جاری رہے گا۔