• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل پی جی پلانٹس کی چیکنگ کیلئے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائینگی‘ڈپٹی کمشنر

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ایل پی جی ری فلنگ اور گیس پلانٹس کی چیکنگ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ زہرہ نور سمیت متعلقہ اوگرا اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ، غیر معیاری سلنڈرز کی بھرائی، گیس میں مکسنگ اور حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور کسی بھی ایل پی جی پلانٹ کو حفاظتی قوانین اور مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائیگی، ضلع بھر میں ایل پی جی پلانٹس کی چیکنگ کیلئے اوگرا، کسٹمز اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائینگی، گیس پلانٹس پر غیر معیاری اور غیر مجاز سلنڈرز کی بھرائی کی اجازت نہیں دی جائیگی‘ 14 مجاز کمپنیوں کے تیار کردہ سلنڈرز ہی مارکیٹ میں فروخت کیے جاسکیں گے اور خلاف ورزی کرنیوالے عناصر کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ڈاکٹر فیصل سلیم نے ایل پی جی گیس میں مکسنگ کی روک تھام کیلئے اوگرا کو بھی بھرپور ایکشن لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ایل پی جی پلانٹس کی چیکنگ، خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور جرمانے عائد کرنے کے اختیارات بھی تفویض کردیئے۔
ملتان سے مزید