ملتان (سٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں نیب ملتان اور ضلعی انتظامیہ کوٹ ادو کی مشترکہ کارروائی کے دوران 3,831ایکڑ اراضی، جس کی مالیت تقریباً 8 ارب روپے بنتی ہے، بحق تھل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (TDA) ضبط کرتے ہوئے متعلقہ انتقالات خارج کر دیے گئے۔نیب ملتان کی انکوائری کے نتیجے میں مذکورہ اراضی کی نشاندہی کی گئی تھی ، جسے بعد ازاں تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے بحق سرکار/ٹی ڈی اےبحال کر دیا گیا۔کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قدسیہ ناز نے سرکاری اراضی کی واگزاری کے لیے خصوصی معاونت کی۔نیب ملتان نے دورانِ انکوائری مثل جات کی جانچ پڑتال مکمل کی ، جس کے نتیجے میں اربوں روپے مالیت کی ہزاروں ایکڑ اراضی زائداز استحقاق کی بنیاد پر ایڈجسٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا۔ٹی ڈی اے اراضی ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ 1949ء میں تھل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (TDA) کے قیام اور آبادکاری کے لیے حاصل کی گئی اراضی اور اس کی ایڈجسٹمنٹ کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں، جعلی و بوگس فیصلہ جات، جعلی مثل جات اور فراڈ کے متعدد معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔کارروائی کے دوران اس امر کو خصوصی طور پر یقینی بنایا گیا کہ کسی حقیقی حقدار یا مالک کے قانونی حق کو متاثر نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ نیب ملتان نےTDAکی غیرقانونی الاٹمنٹ و بوگس الاٹمنٹ کے معاملات کی جانچ پڑتال کیلئےخصوصی طور پر ٹیم تشکیل دی ہے۔