فصلوں کو آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے‘ارشد ایوب

May 17, 2022

پشاور (جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ارشدایوب خان نے ہدایت کی ہے کہ حالیہ گرمی کی شدید لہر میں فصلوں کو آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائےجبکہ ایری گیشن سکیموں سے پانی کی بلاتعطل فراہمی جاری رکھی جائے۔فصلوں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کیلئے پانی کی وافرمقدار میں فراہمی ضروری ہے ۔تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفودسے ملاقاتوں اور اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا. وفود نے صوبائی وزیر کو اپنے علاقوں میں درپیش مسائل سے ارشدایوب خان کو اگاہ کیا اور ضلع ہری پور میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں پر ان کا شکریہ ادا کیا. ارشدایوب خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نعروں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ صحت کارڈ سے پورے صوبے میں نجی و سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج جاری ہے. امپورٹڈ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے. بیرونی سازش، چوروں و کرپٹ سیاستدانوں نے ملکر تحریک انصاف کی مرکزی حکومت کو منصوبے کے تحت ختم کردیا۔ قائد عمران خان ملک کو بچانے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں. حالیہ جلسوں سے یہ ثابت ہوگیا کہ پوری قوم اسکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔مزید براں صوبائی وزیر آبپاشی نے گرمی کے حالیہ شدید لہر کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی.متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو پانی کے بہاؤ کے حوالے سے اگاہ کیا. صوبائی وزیر نے اس موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔