پاکستانی کوہ پیما عبدالجوشی نے بلند ترین ماؤنٹ ایوریسٹ سر کرلی

May 17, 2022

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) پاکستانی کوہ پیما عبدالجوشی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ کو سر کر لیا۔ 38 سالہ کوہ پیما پیر کی صبح کامیابی کے ساتھ 8 ہزار 849 میٹر اونچی دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کر لی ۔ یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ آٹھویں پاکستانی ہیں ،8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 چوٹیوں میں سے یہ ان کی دوسری چوٹی ہے، وہ اس سے قبل اناپورنا کو بھی سر کر چکے ہیں۔ ہنزہ سے تعلق رکھنے والے عبدالجوشی نے گزشتہ برس گلگت بلتستان میں واقع مشکل ترین پاسو کونز کو سر کیا تھا، وہ پاسو کونز کو سر کرنے والے پہلے کوہ پیما ہیں۔ عبدالجوشی عام طور پر ان چوٹیوں کا رخ کرنے کیلئے مشہور ہیں جو ماضی میں کسی نے سر نہ کی ہو ۔ دوسری جانب ایک اور پاکستانی شہروز کاشف نے 8516 میٹر اونچی چوٹی لوٹسے کو سر کر لیا جس کی تصدیق ان کی ٹیم نے بھی کر دی ہے۔