جے یو آئی کیماڑی کے تحت اونٹوں وگھوڑوں پر سوار محنت کشوں کی ریلی

May 18, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام ضلع کیماڑی کراچی کے زیراہتمام پی ایس 113 کی اونٹوں اور گھوڑوں پر سوار سیکڑوں فرزندان ا سلام کی انوکھی اور تاریخ ساز ریلی قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث، مولانا محمد بلال، جبرائیل خان کی قیادت میں ساحل سمندر سے پریس کلب کراچی تک نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا کہ ساحل سمندر پر گزشتہ چار ماہ سے غریب عوام کی چھینی ہوئی روزی کو بحال کیا جائے۔ کراچی پریس کلب پر گھوڑوں اور اونٹوں کی انوکھی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قاری محمد عثمان اور مولانا محمد غیاث نے کہا کہ چار ماہ سے ظلم کے شکار ان غریبوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو باوجود بیروزگاری اور سالہا سال سے جاری کاروبار کو زبردستی بند کرنے کے حکومتی جبر کے خلاف تقدس حرم نبوی ﷺکانفرنس کی حمایت میں نکل کر حضور اکرم ﷺسے گہری محبت کا اظہار کرتے اپنے گھوڑوں اور اونٹوں پر پریس کلب پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھوڑوں اور اونٹوں کی اس انوکھی ریلی کے دو مقاصد ہیں، حرمت حرمین شریفین کیلئے اپنے جان و مال کے ساتھ قربانی دینا اور ساحل سمندر پر سالہا سال سے جاری اپنی رزق حلال کے مواقع کو چار ماہ سے چھیننے کے خلاف مطالبات کے حل کی جدوجہد کرنا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ساحل سمندر پر غریب عوام کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف غریب عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہوکر انکے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی اور ہر فورم پر غریب عوام کے حقوق کی خلاف جنگ لڑے گی۔