شدید گرمی میں عوام پانی کی تلاش میں سرگرداں ہیں، حافظ نعیم

May 18, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شدید گرمی میں عوام پانی کی تلاش میں مارے مارے پھررہے ہیں،وفاقی وصوبائی حکومت کوئی بھی مسئلہ حل کرنے کو تیار نہیں،واٹر بورڈ کی بے حسی و نااہلی کے خلاف20مئی کو واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس پر دھرنا دیں گے۔ اتوار 29مئی کو مزار قائد سے”حقوق کراچی کارواں“ نکالا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع قائدین کے تحت پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی نورگراؤنڈ میں ”فیملی عید ملن“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عید ملن میں بلدیاتی انتخابات کے لیے یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین کے امیدواروں کا اعلان بھی کیا گیا۔ تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب امراء ضلع نصیر اللہ حسینی،جنید مکاتی، سکریٹری ولید احمد ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی اس تحریک کا نام ہے جس کی بنیاد زبان اور فرقہ پرستی نہیں کوئی بھی کسی بھی مسلک یا فرقے سے تعلق رکھتا ہو جماعت اسلامی کی تحریک میں شامل ہوسکتا ہے، جماعت اسلامی میں منارٹی ونگ کا شعبہ بھی موجود ہے جس میں اقلیتی برادری کے افراد جماعت اسلامی سے منسلک ہیں۔قومی انتخابات میں کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو جھولی بھر بھر کے ووٹ دیے،کراچی سے پی ٹی آئی کے 14ایم این ایز منتخب ہوئے ہیں اس کے باوجود کراچی کے مسائل حل نہیں ہوئے۔