جے ایس بینک کی ٹیک کانفرنس اور ایکسپو زندگی فیوچر فیسٹ اختتام پذیر

May 18, 2022

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) جے ایس بینک کی جانب سے پاکستان کی سب سے بڑی ٹیک کانفرنس اور ایکسپو زندگی فیوچر فیسٹ گزشتہ روز ’روڈ میپ ٹو دی فیوچر‘ کے عنوان پر منعقدہ مباحثہ پر اختتام پذیر ہوگئی۔ مباحثہ کے مقررین میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضی سید، چیئرمین نادرا طارق ملک، جے ایس بینک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران حلیم شیخ تھے جنہوں نے حکومت اور نجی شعبے کے تعاون سے ٹیک انڈسٹری کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا کہ کیسے نوجوانوں کو مالی استحکام فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے ۔مباحثہ کی میزبانی کے فرائض جے ایس بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر اور زندگی کے سربراہ نعمان اظہر نے انجام دئیے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے ٹیک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کی سرگرمیوں پر شکریہ ادا کیا اور انہیں ٹیکس سہولتیں اور دیگر مراعات دینے کیلئے حکومت کے تعاون کی بھرپور یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہا کہ اسٹارٹ اپ گرائنڈ زندگی کو پاکستان میں بین الاقوامی سطح کے کامیاب ایونٹ کے انعقاد اور معاونت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات وقت کی ضرورت ہیں۔ طارق ملک نے ڈیجیٹلائزیشن پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ای سہولت فرنچائز نے طلباءکو روزگار کمانے میں مدد کی ہے۔ عمران حلیم شیخ نے بتایا کہ کس طرح زندگی نے Gen Zکو اپنی سادہ ، آسان اور مستقبل کی بینکنگ خدمات کے ذریعے مشکلات کو دور کیا۔