کراچی( اسٹاف رپورٹر )کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے، ایک ملزم ہلاک، 8گرفتار، اسلحہ برآمد،کورنگی ، گلشن اقبال، صدر اور اورنگی ٹاؤن میں کارروائیاں ،چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور گاڑی برآمد،پولیس نے مبینہ مقابلوں میں ایک ملزم کو ہلاک جبکہ پانچ زخمیوں سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق کورنگی پولیس نے گلشن محمدی گورنمنٹ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک کر دیا ۔پولیس کے مطابق دوران گشت ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا ملزم زخمی حالت میں فرار ہو گیا۔ہلاک ملزم کی شناخت جنید ولد عبدالرحمان کے نام سے ہوئی۔ملزم کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول بمعہ رائونڈز اور 2 موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال بلاک 10 عزیز بھٹی پارک کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سےدو پستول ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ زخمی ملزم کی شناخت سعید عرف بابا اور اس کے ساتھی کی نظام الدین کے نام سے ہوئی۔صدر پولیس نے پارکنگ پلازہ کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک زخمی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔زخمی ملزم کی شناخت نیہال عرف چائنا ولد اشوک کمار جبکہ گرفتار ملزم کی شناخت ریحان ولد محمد جان کے نام سے ہوئی ہے۔