صحافی خالد حمید فاروقی کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ محفل

May 18, 2022

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) جنگ اور جیو نیوز کے یورپین یونین میں سینئر نمائندے اور ممتاز صحافی خالد حمید فاروقی مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے برسلز میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ دعائیہ محفل کا اہتمام کشمیر کونسل ای یو کے برسلز میں واقع دفتر میں کیا گیا تھا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں ، این جی اوز اور مرحوم کے دوستوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصال ثواب اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔ بعد ازاں شرکائے محفل نے خالد حمید کے ساتھ اپنے تعلقات اور ان کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ نظریات کے حوالے سے ایک واضح سوچ کے حامل تھے، انسان دوستی اور عاجزی ان کا طرئہ امتیاز تھا جب کہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کی بقا اور دوام ساری زندگی ان کا مطمع نظر رہا ،انہوں نے دوسروں کے سیاسی اختلافات کا خیال رکھتے ہوئے اپنے موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، خالد حمید فاروقی مرحوم کے ایصال ثواب کی محفل میں رائو مستجاب احمد، کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید، پی سی بلجیم کے چوہدری عمران ثاقب، محمد ندیم بٹ، پیپلزپارٹی یورپ کے رہنما ملک محمد اجمل، سفارت خانہ پاکستان کے راحیل طارق، تحریک انصاف کے رہنما سلیم میمن، جے کے ایل ایف یورپ کے رہنما ظہیر زاہد، ورلڈ ڈائس پورہ الائنس کے چوہدری خالد جوشی، سماجی اور سیاسی شخصیت سردار صدیق خان، مسلم لیگ ن یوتھ کے رہنما شیخ ماجد، کونسلر عامر نعیم، پیپلز یوتھ کے رہنما شیراز بٹ، کشمیری رہنما شاہجہاں میر، شیراز راج، مزمل مان، فرید خان، فیصل رضوی، جاوید ملک، محمد ریاض اور دیگر افراد شامل تھے۔ علاوہ ازیں انٹرنیشنل پریس ایسوسی ایشن نے بھی خالد حمید فاروقی کیلئے اپنے آفیشل پیج پر ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں ان کی صحافتی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔