ناقص ریکوری،وہاڑی سمیت4میپکو سرکلز سپرنٹنڈنگ انجینئرز سے وضاحت طلب

May 18, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے کہا ہے کہ ناقص کارکردگی کے حامل افسران کو کسی قسم کی رعایت نہیں دیں گے، لائن لاسز، ریکوری اور نادہندگان سے واجبات /بقایاجات کی وصولیوں کے مقرر کردہ اہداف کے حصول میں ناکام ہونے والے افسران اپنے آپریشن سرکلوں کی کارکردگی کے ذمہ دارہیں، سپرنٹنڈنگ انجینئرز اپنے ماتحت ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی اوز سے اتھارٹی ہدایات پر عملدرآمد کروائیں اور خلاف ورزی کرنے والے افسران کی رپورٹ فوری طورپر ہیڈ کوارٹر بھجوائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے اپریل میں ریکوری کی ناقص صورتحال پر وہاڑی، ساہیوال، بہاولنگر اور رحیم یار خان سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز سے وضاحت طلب کرلی،اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن میپکو ناصر ایاز گرمانی ، چیف انجینئر ا و اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن رانا محمد ایوب خان،ڈائریکٹرجنرل کمرشل جام گُل محمد زاہد ، چیف انجینئر ٹی اینڈ جی خالد نذیر، چیف سٹریجیٹک پلانر جاوید اقبال گِل، ڈائریکٹر اکاؤنٹس آفتاب فضل،ڈائریکٹرکمرشل اسد حماد، ایڈیشنل ڈی جی ایم ایم میاں جاوید اقبال، منیجر ایم اینڈ ٹی Iمحمد اصغر لنگاہ، منیجر ایم اینڈ ٹی IIبشیر احمد تونسوی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔