علمائے کرام کا پاکستانی معاشرے میں اہم کردار ہے، فیصل امین گنڈاپور

May 19, 2022

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی فیصل امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ علماء کرام کا معاشرے میں اہم کردار ہوتا ہے ، لوگ علمائے کرام کی بات کو سنتے اور مانتے ہیں۔ علماء کرام نے اتحاد بین المسلمین ، یکجہتی اور ہم آہنگی کے قیام کیلئے خاطر خواہ خدمات فراہم کی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مساجد کے آئمہ کرام اور اقلیتی رہنمائوں میں حکومت کی جانب سے پہلے کوارٹر کے ریلیز چیکس (رقوم) کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر دفتر میں منعقدہ تقریب تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عنایت اﷲ وسیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان اور علماء کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پانچ ہزار عبادت گاہوں کی سولرائزیشن کیلئے منظوری ہو چکی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں بجٹ کے دوران ان امدادی رقوم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ علماء کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائیگا تاکہ زیادہ سے زیادہ حقدار لوگ اس سے مستفید ہو سکیں جبکہ 25ارب روپے کی لاگت سے دس لاکھ خاندانوں کو راشن کے حصول کے سلسلے میں ریلیف فراہم کیا جائیگا۔ مجموعی طور پر ایک ہزار 68علماء کرام کا نام شامل کیا گیا تھا جن کیلئے فسٹ کوارٹر ریلیز ہونے کے بعد رقوم تقسیم کی جا رہی ہیں جو کہ ان کی جانب سے خدمات کا اعتراف ہے پشاور کے بعد ضلع ڈیرہ اسماعیل خان دوسرا ضلع ہے جہاں اتنی تعداد میں علماء کو شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عنایت اﷲ وسیم نے کہا کہ جسطرح آج ایک پلیٹ فارم پر مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء ایک مقام پر موجود ہیں اس سے یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے اور یہی مستقل امن کی جانب پیشرفت ہے اور انشاء اﷲ شہر کے امن میں وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی۔ اس موقع پر موجود علماء کرام نے حکومت کی جانب سے اس احسن اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر آئمہ کرام کی ماہانہ آمدنی پانچ ہزار سے آٹھ ہزار کے درمیان ہے جن پر ان کی گزر بسر ہو رہی ہے لہذا یہ امداد ان کیلئے کافی مددگار ثابت ہو گی۔