جوہری دھماکوں کے 24 سال، حکومت کا 10روزہ تقریبات کا فیصلہ

May 20, 2022

اسلام آباد،لاہور (نمائندہ جنگ، خصوصی نمائندہ )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے یوم تکبیر پر ”نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے” کا عنوان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کی طرز پر ملک بھر میں یوم تکبیر قومی جذبے سے منایا جائے۔ وزیراعظم نے وفاق، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے ساتھ مل کر تقریبات کے انعقاد کی ہدایت کی ہے۔یوم تکبیر پر قومی تقریبات منانے کا آغاز 19 مئی سے ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 28 مئی 1998 ء قومی افتخار اور پاکستان کے اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات کی خاطر کبھی نہ جھکنے کی عظیم تاریخ کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا، اب معاشی قوت بنائیں گے۔