یاسین ملک کا جرم اپنے لوگوں کیلئے ’’حق آزادی‘‘ مانگنا ہے، مقررین

May 21, 2022

برسلز ( حافظ اُنیب راشد ) جےکےایل ایف یورپ زون کے زیر اہتمام بدنام زمانہ بھارتی تہاڑ جیل میں قید تنہائی میں موجود چیئرمین جے کے ایل ایف یاسین ملک کی فوری رہائی کیلئے بھارتی سفارتخانہ برسلز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے یاسین ملک کی تصاویر اور مطالبات پر مشتمل بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ آزادی کے حق میں مسلسل نعرے بازی کرتے رہے، مظاہرے سے زونل جنرل سیکرٹری ظہیر زاہد، زونل سیاسی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر اشتیاق خالق، علی رضا سید اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ یاسین ملک کا صرف جرم ایک ہی ہے کہ وہ اپنے لوگوں کیلئے حق آزادی مانگتے ہیں۔ انڈین حکومت کی جانب سے ان پر جتنے بھی مقدمات بنائے گئے ہیں وہ سب جھوٹ پر مبنی ہیں اور اس بات کا اظہار انہوں نے عدالت میں بھی کیا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یاسین ملک نے اپنے بیان میں عدالت کو یہ بھی کہا ہے کہ اگر آزادی کا نعرہ لگانا جرم ہے تو یہ جرم انہوں نے کیا ہے اورزندگی رہی تو وہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ اس لیے عدالت انہیں اس جرم میں جو چاہے سزا دے وہ قبول کریں گے۔ اس موقع پر مقررین نے خبردار کیا کہ یاسین ملک ضمیر کے قیدی ہیں اگر انہیں گزند پہنچی تو دنیا بھر میں اس پر شدید احتجاج کیا جائے گا جب کہ بین الاقوامی کمیونٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ بے گناہ یاسین ملک کے مقدمے پر نظر کرے اور انہیں انڈین ظلم سے نجات دلانے اور ان کی رہائی کیلئے انڈیا پر دبائو ڈالے۔