سری لنکا کے دیوالیہ ہوجانے کا اعلان

May 21, 2022

کولمبو (نیوزڈیسک)غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے مرکزی بینک کے گورنر نے اعلان کیا کہ اب ملک دیوالیہ ہوگیا ہے کیونکہ ہم 18 مئی تک قرضوں پر عائد سود کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہے۔سری لنکا کے دیوالیہ ہونے کے سوال پر مرکزی بینک کے گورنر پی نندلال ویرا سنگھے نے کہا ہے کہ قرضوں کو ری اسٹرکچر کیے بغیر ہم ادائیگی نہیں کرسکتے اوراسے تکنیکی طور پر دیوالیہ ہونا کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سری لنکا میں مہنگائی کی شرح 30 فیصد ہے جو کہ پہلے ہی بہت زیاد ہ ہے مگر یہ شرح آئندہ چند مہینوں میں 40 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔سری لنکن معیشت کورونا کی وبا، توانائی کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسوں میں کٹوتی کے باعث بری طرح متاثر ہوئی ہے ، غیرملکی کرنسی کی شدید کمی اور مہنگائی میں اضافے سے ملک میں ادویات، ایندھن اور دیگر ضروری اشیا کی سنگین قلت ہوچکی ہے۔