سری لنکن صدر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ناکام

May 21, 2022

کولمبو(اے ایف پی/جنگ نیوز)سری لنکا کے صدر کیخلاف اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک پارلیمنٹ میں ناکام بنا دی گئی،دوسری جانب نئے وزیراعظم رنیل وکرم سنگھے نے موجودہ ملکی حالات پر پریشانی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت فوری طور پر 75 ملین ڈالرز کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ میں صدر گوتا بایا راجہ پکسے کیخلافپیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنادیا گیا،اپوزیشن کے تامل نیشنل الائنس کے ایک رکن پارلیمنٹ ایم اے سمانتھیرن نے صدر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی،جسے حکمران جماعت نے ناکام بنادیا،گوتا بایا پکسے کو 68 کے مقابلے میں 119 ووٹ ملے۔دریں اثنا سری لنکا کی سرکاری ائیرلائن کی نجکاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے،علاوہ ازیں سری لنکا میں ایک بار پھر پٹرول ختم ہوگیا،غیر ملکی میڈیا کے مطابق پٹرول اسٹیشنزپر دو کلو میٹر اور کئی کلو میٹر طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ادھر کئی اداروں نے فیول کی قلت کو دیکھتے ہوئے اور پٹرولیم کی بچت کیلئے لوگوں کو گھروں سے کام کی اجازت دی ہے۔