بارہ کہو فیز ٹو سکیم میں ترقیاتی کام شروع کرنیکی منظوری

May 21, 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہا ئوسنگ اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ نےبارہ کہو فیز ٹو کی کامنرز سکائی گارڈن سکیم میں ترقیاتی کام شروع کرنے کی منظوری دیدی ۔ یہ منظوری وفاقی وزیر ہا ئوسنگ و تعمیرات مو لانا عبد الواسع کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں دی گئی۔ بورڈ کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ سکیم دو مواضع منگل اور کٹار میں واقع ہے۔ یہ جوائنٹ وینچر سکیم ہے کٹار کی دو ہزار کنال زمین کلیئر ہے ۔ اس کا الگ لے آ ئوٹ پلان بنا یا گیا ہے۔ ا س سے ملحقہ پانچ سو کنال مزید اراضی کو بھی اس میں شامل کیا جا ئیگا۔ موضع منگل کی زمین کے بارے میں نیب جائزہ لے رہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ابزرویشن کی روشنی میں یہ زمین ماحولیاتی نقطہ نظر سے کلیئر ہے یا نہیں۔ اس موضع پر ترقیاتی کام نیب کے این او سی کے بعد کیا جائیگا۔ اتھارٹی نے فیز ٹو میں3700 پلاٹ وفاقی ملازمین کو الاٹ کئے ہوئے ہیں جو قبضہ کے منتظر ہیں ۔ مو لانا عبد الواسع نے ہدایت کہ تمام ہا ؤ سنگ پراجیکٹس پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ سر کاری ملازمین اپنا گھر بناسکیں ۔