بھارت یٰسین ملک پر مقدمات ختم اور فوری رہا کرے، سعید مغل

May 22, 2022

برمنگھم (پ ر)محمد سعید مغل ایم بی ای نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یٰسین ملک پر مقدمات، جیل میں تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی پاداش میں تکالیف اٹھانا پڑ رہی ہیں، انہوں نےکہا کہ ظلم و تشدد کرنے سے کشمیری عوام کی آزادی کے عزم کو کم نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس سے ان کا جذبہ بلند ہوگا۔ سعید مغل نے کہا بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی اور مسلمانوں کے خلاف آر ایس ایس کی درندگی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کا عالمی طاقتوں کو نوٹس لینا چاہئے۔ بھارتی حکومت اور بھارتی افواج نے یاسین ملک پر ظلم و تشدد کی انتہا کر رکھی ہے جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی مگر اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے اور کوئی نوٹس نہیں لے رہی جس کی کشمیری مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں کہ یاسین ملک کو رہا کیا جائے، اس طرح جیلوں میں بند کرکے آزادی کے جذبے کو کم نہیں کیا جا سکتا۔