چولستان کی محرومیوں کے خاتمہ کیلئے فلاحی مشن جاری رہے گا، عبدالرزاق ساجد

May 23, 2022

لندن ( پ ر ) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا ہے کہ چولستان کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے المصطفیٰ ویلفیئر کا فلاحی مشن جاری رہے گا۔المصطفیٰ کی طرف سے چولستان میں پانی کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ المصطفیٰ نے چولستان کے ہزاروں خاندانوں تک فوڈ بیگ اور پانی پہنچا دیا ہے جب کہ کھانا پکا کر تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ہے۔ پانی کے ٹینکرز چولستان میں پہنچا کر تالاب بھرنے کا کام تیز تر کر دیا گیا ہے تاکہ پیاس سے مرتے جانوروں کو بچایا جا سکے۔ پوری قوم چولستان میں بسنے والے انسانوں کی داد رسی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ صاحب ثروت افراد المصطفیٰ کے چولستان ریلیف مشن کا حصہ بنیں۔المصطفیٰ کی مخلص اور محنتی ٹیم چولستان کے ریگستانوں میں دن رات کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چولستان ریلیف مشن کے کوآرڈی نیٹر ارحم سلیم قادری اور چولستان میں کام کرنے والی المصطفیٰ کی ٹیم سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرزاق ساجد نے مزید کہا کہ چولستان میں خشک سالی کی وجہ سے صورت حال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔ پانی نایاب ہونے کی وجہ سے چولستان میں لاکھوں انسانوں اور جانوروں کی زندگیاں داؤ پہ لگی ہیں۔ آزمائش کی اس گھڑی میں پیاسوں کو پانی اور بھوکوں کو خوراک پہنچانا سب سے بڑی نیکی ہے۔ بارش نہ ہونے کی وجہ سے چولستان میں تالاب خشک ہو چکے ہیں اور وہاں کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ دردمند لوگ آگے بڑھیں اور چولستان میں جاری ʼالمصطفیٰ کے فلاحی مشن میں تعاون کریں۔ چولستان کے مصیبت زدہ انسانوں کی خدمت کرنا ʼ المصطفیٰ ʼکا بہت بڑا اعزاز ہے۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے چولستان میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے سولر واٹر پمپ لگانے کی مہم شروع کر دی ہے۔ باوسائل افراد چولستان میں سولر واٹر پمپ لگانے کی مہم میں المصطفیٰ کا ساتھ دیں۔ چولستان کی موجودہ سنگین صورت حال پر توجہ نہ دی گئی تو کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔