پاکستان اور سری لنکن خواتین آج پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مدمقابل

May 24, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پا کستان اور سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل منگل کو سائوتھ اینڈ کلب میں کھیلا جائےگا ۔ دونوں ٹیمیں پہلی بارپاکستان میں کسی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل آئیں گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں اب تک 13 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں چھ مرتبہ پاکستان اور چھ مرتبہ سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔ تمام میچز دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔ 16 سال بعد سری لنکا ویمنز کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔ پاکستانی کپتان بسمعہ معروف کا کہنا ہے کہ سیریز کی اچھی تیاری کی ہے۔ جویریہ خان کو اختلافات کی وجہ سے ڈراپ نہیں کیا گیا۔ یہ سوال سلیکٹرز سے پوچھیں، ہم سری لنکا کے خلاف شاندار سریز کی منتظر ہیں۔ ورلڈکپ کے بعد اب یہ سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ایک نئی شروعات ثابت ہوگی۔ رواں سال بہت سیریز کھیلنی ہیں، سیریز کامن ویلتھ گیمز کی تیاری میں معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز جونیئر کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ثابت ہوگی۔ان کنڈیشنز میں سری لنکا کی ٹیم آسان حریف نہیں ہوگی۔ سری لنکا کے ہیڈ کوچ ہشان تلکارتنے نے کہا کہ ہم نے اچھی تیاری کی ہے، پی سی بی نے اچھے انتظامات کیے ہیں، آخری دو سال ہمارے لیے بہت مشکل گزرے یہ سیریز ہمارے لیے ایک بہت اچھا موقع ہے سری لنکا میں جو ہورہا ہے وہ ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے ہم نے اپنا فوکس کرکٹ پر رکھا ہوا ہے، پاکستان ٹیم بہت اچھی ہے سیریز جیتنا ہمارے لیے چیلنج ہوگا۔