نارتھ کراچی، کے ڈی اے کی کارروائی، 5 ایکڑ اراضی واگزار

May 25, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعہ مسمار کرکے 5 ایکڑ سرکاری قیمتی اراضی واگزار کر لی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے عملہ نے نارتھ کراچی ST-19 سیکٹر 14-B میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 250سے زائد جھگیاں، پختہ مکانات سمیت متعدد غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعہ مسمار کرکے 5 ایکڑ سرکاری قیمتی اراضی واگزار کرالی۔ آپریشن رینجرز، مقامی پولیس، ڈپٹی کمشنر سینٹرل، اسسٹنٹ کمشنر نارتھ کراچی سینٹرل اور ڈی ایم سی سینٹرل کی موجودگی میں کیا گیا جبکہ آپریشن کی نگرانی محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے ڈائریکٹر جمیل احمد بلوچ نے کی۔ ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے گا اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کسی قسم کی مداخلت کو برداشت اور کسی بھی قسم کے دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔