طالبان کا ائیرپورٹس کے انتظامات چلانے کیلئے اماراتی کمپنی سے معاہدہ

May 25, 2022

کابل (جنگ نیوز )افغانستان اور متحدہ عرب امارات کےدرمیان افغانستان کے 3 انٹرنیشنل ائیرپورٹس کے آپریشنز میں تعاون کے لیے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق معاہدےکےتحت یواےای کی کمپنی کابل،ہرات اور قندھار انٹرنیشنل ائیرپورٹ کےآپریشنز میں تعاون فراہم کرےگی۔رپورٹس کے مطابق افغانستان اور یواے ای کےدرمیان ائیرپورٹس آپریشنز میں تعاون پر معاہدے کی تقریب منگل کے روز کابل میں ہوئی جس میں افغان نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر بھی شریک تھے۔معاہدے پر افغانستان کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ اور سول ایوی ایشن غلام جیلانی وفا اور یواے ای کمپنی کے نمائندے نے دستخط کیے۔خبررساں ایجنسی کے مطابق ملا عبدالغنی برادر نے معاہدے پر دستخط کے موقع پر کہا کہ امارت اسلامیہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے اس معاہدے سے تمام بین الاقوامی ائیر لائنز محفوظ ماحول میں افغانستان واپس آسکیں گی اور تجارت میں اضافہ ہو گا۔