ایف بی آر نے نولانگ ڈیم کیلئے 1916 ملین روپے واپڈا کو جاری کر دیئے

May 26, 2022

اسلام آباد (ناصر چشتی‘ خصوصی نمائندہ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کی ہدایت پر ایف بی آر نے نولانگ ڈیم کیلئے 1916 ملین روپے واپڈا کو جاری کر دیئے۔ یہ بات ایف بی آر کے حکام نے گزشتہ روز کمیٹی کے اجلاس میں بتائی۔ اقائمہ کمیٹی کی پانی کا ذخیرہ 1991 کے معاہدے کے تحت وفاقی اکائیوں میں تقسیم کرنے کی ہدایت ، اس سے قبل کمیٹی کو بتایا گیا کہ بجٹ 1918-19 میں یہ رقم مختص کی گئی تھی مگر ڈیم کی تعمیر شروع ہونے سے قبل ہی یہ رقم واپس لے لی گئی جس کی وجہ سے ڈیم کی تعمیر شروع نہ ہوسکی۔ ایف بی آر کا موقف تھا کہ واپڈا کی طرف واجبات ہیں اب اس کو واجبات مل گئے ہیں۔ قائمہ کمیٹی نے اس کا سخت نوٹس لیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ رقم کو واپس کیا جائے اور واپڈا کی طرف سے واجبات کے ملنے کا انتظار نہ کیا جائے اور اگر ایسا نہ ہوا تو ڈیم کی تاخیر کا ذمہ دار واپڈا ہوگا۔