صورتحال نارمل، آئی سی سی کورونا پالیسی کا جائزہ لے، بابر اعظم

May 27, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ صورتحال بیک ٹو نارمل ہورہی ہے، اب عالمی وبا کے سبب بنائی جانے والی پالیسی پر آئی سی سی کو از سر نو جائزہ لینا چاہیے۔ جمعرات کو ایک انٹر ویو میں بابر اعظم نے کہا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے کئی چیلنجز کا سامنا رہا ،کورونا کے دنوں میں بولرز کو سب سے زیادہ کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے اپنے حق میں قوانین نہ ہونے کے باوجود صورتحال کا سامنا کیا ہے، گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کی ضرورت پڑتی ہے، اس سے بال سوئنگ ہوتی ہے، لیکن اس پر پابندی تھی، پسینے سے گیند اس طرح نہیں چمکتی۔ہمیں جائزہ لینا چاہیے کہ ہم نے کورونا میں کیسے وقت گزارا، اب جو آگے وقت آ رہا ہے وہ ہم نے کیسے گزارنا ہے۔ ہر ملک میں الگ الگ پالیسی کے سبب مختلف صورتحال کا سامنا تھا۔ ہم نے نیوزی لینڈ میں 14دن کا قرنطینہ کیا، ویسٹ انڈیز میں ہفتے کا جبکہ انگلینڈ میں 5روز کا قرنطینہ تھا،قوانین بھی الگ الگ تھے۔