اسلام آ باد میں ڈینگی اور ملیریا کی روک تھام کیلئے مؤثر منصوبہ بندی

May 27, 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے انتظامیہ ضلعی انتظامیہ، ایم سی آئی اور ڈی ایچ او کے تعاون سے ڈینگی اور ملیریا کی روک تھام کیلئے مؤثر منصوبہ بندی کررہی ہے۔ اس سلسلے میں وباء سے بچاؤ اور اسکے علاج کے لئے مختلف جدید آلات کی خریداری اور شہر میں فوگنگ اور مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے لئے سپرے مشین سمیت دیگر سامان کی خریداری کے لئے سترہ ملین روپے کے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردیئے گئے ہیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ وائرس کی افزائش اور اسکے لاروے کے خاتمے کے لئے کام کر رہا ہے۔ اس ضمن میں اسلام آباد کو مختلف زونز میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر زون میں ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی خصوصی طور پر تشکیل کردہ ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی۔علاوہ ازیں سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ شہر کی معمول کی صفائی کے علاوہ ڈینگی کی ممکنہ افزائشی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا خصوصی آپریشن کر رہا ہے تاکہ ڈینگی کو اس کے لاروا مرحلے پر ختم کیا جاسکے علاوہ ازیں ان علاقوں سے جنگلی گھاس اور جھاڑیوں کو ہٹانے کے لیے انوائرمنٹ ونگ کی خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ادارے کے ساتھ تعاون کریں۔ اردگرد کی صفائی کو برقرار رکھیں اور پانی کی مناسب نکاسی کو یقینی بنائیں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔