انگلش ٹی 20 میں ڈیبیو پر 81 رنز، محمد رضوان نے ریکارڈ بنادیا

May 28, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ویٹالیٹی بلاسٹ میں ڈیبو پر 81 رنز اسکور کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔ محمد رضوان نے سسکس کی نمائندگی کرتے ہوئے گلیمورگن کاؤنٹی کے خلاف 60 گیندوں پر بطور اوپنر 81 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ 81 رنز کی اننگز کے ساتھ محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی ویٹالیٹی بلاسٹ کے ڈیبیو پر سب سے بڑا اسکور کرنے والے پاکستانی بن گئے۔ ان اننگز میں تین بلند وبالا چھکے اور چھ چوکے شامل تھے ۔ اس سے قبل عمر اکمل نے 2015 میں لیسٹر شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ویٹالیٹی بلاسٹ ڈیبیو پر ناقابلِ شکست 76 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔