کراچی(اسٹاف رپورٹر) دو بار کی ایشین گیمز چیمپئن پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کوروگی ایتھلیٹک پارک میں جمعرات کو کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کا مقابلہ کرے گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔ کپتان فاطمہ ثنا 19 ستمبر کو افتتاحی تقریب میں اسکواش کھلاڑی نور زمان کے ہمراہ پاکستانی دستے کی پرچم بردار بھی ہوں گی۔ وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی والدہ کی علالت کے باعث وطن واپس آگئی ہیں ، انکی جگہ گل فیروزہ وکٹ کیپنگ کرینگی۔ ایشین گیمز میں پاکستانی ٹیم فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، حمنہٰ بلال، مومنہ ریاست، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن اور امِ ہانی پر مشتمل ہے۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم نے بدھ کو پریکٹس کا آغاز کردیا ۔ دریں اثنا ایشین گیمز میں 4 ہزار ایتھلیٹس اور آفیشلز کی رہائش کیلئے پانی میں ولیج آباد کردیا گیا۔ 290 میٹر لمبے کوسٹا سیرینا نامی اطالوی کروز میں رہنا کھلاڑیوں کیلئے ایک نیا تجربہ ہو گا۔