کراچی(اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے چاروں میچ ڈرا ہوگئے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے چوتھے دن کا کھیل نہ ہوسکا۔ پشاور میں اوپنر شاہ زیب خان کی سنچری کی بدولت کے آر ایل نے دوسری اننگز 215 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی۔ 456 رنز کے تعاقب میں غنی گلاس 60 اوورز میں چار وکٹوں پر 207 رنز بنا سکی۔ ایبٹ اسٹیڈیم میں ایم آئی ٹی سلیوشنز کی ٹیم فالو آن کے بعد 384 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ایم آئی ٹی نے پہلی اننگز کا 235 رنز کا خسارہ پورا کرکے کنگز مین کو 150 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ جس نے دستیاب نو اوورز میں تین وکٹوں پر 45 رنز بنائے۔