ناقص اشیاء کی تیاری اور ملاوٹی دودھ کیخلاف فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری

June 25, 2022

کوئٹہ(خ ن)عوام کو ملاوٹی دودھ و ناقص کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے پر بی ایف اے کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ کوئٹہ کے علاقوں کرانی ، سریاب روڈ اور جوائنٹ روڈ میں ملاوٹی دودھ کی فروخت پر مزید 5 ملک شاپس پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ موبائل لیبارٹری ملک سیفٹی ٹیموں کی جانب سے شہر میں دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے جاری معائنے کے دوران مذکورہ علاقوں میں ملک شاپس کے خلاف دودھ میں ملاوٹ ، صفائی کے نامناسب انتظامات اور بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر کارروائی کی گئی۔ علاوہ ازیں برما ہوٹل سریاب میں پابندی عائد و غیر معیاری کوکنگ آئل ، گٹکاپان پراگ ، مضر صحت چائنیز نمک کی فروخت اور بی ایف اے فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر 9 جنرل اسٹورز پر بھی جرمانے عائد کئے گئے جبکہ علاقے میں موجود ایک ہوٹل کو صفائی کی ابترصورتحال سمیت مختلف وجوہات پر جرمانہ کیا گیا۔ جنرل اسٹورز مالکان کو ترجیحی بنیادوں پر فوڈ بزنس لائسنس حاصل کرنے اور آئندہ اپنے مراکز میں مضر صحت خوردنی اشیاء کی خریدوفروخت نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ مزید برآں فوڈ بزنس لائسنس حاصل نہ کرنے پر بی ایف اے کی ایک اور معائنہ ٹیم نے ایئرپورٹ روڈ پر 2 مشہور ریسٹورنٹس اور ایک سپر اسٹور پر جرمانے عائد کئے جبکہ ایک نامور بیکرز کے خلاف گزشتہ ہدایات کے باوجود تیار بیکڈ اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ کرنے پر ایکشن لیا گیا۔ اسی طرح بی ایف اے زونل ٹیم نصیر آباد نے ڈیرہ اللہ یار میں دودھ میں ملاوٹ و صفائی کے ناقص انتظامات پر ملک شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4 ملک شاپس پر جرمانے عائد جبکہ متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کیے ۔