اسکولز کرکٹ، ٹیلنٹ ہنٹ، بچوں کیلئے تعلیم اور کھیل ساتھ ساتھ، رمیز

June 26, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ جونیئر بچوں کیلئے اسکیم شروع کرنے کا مقصدمستقبل کے اسٹارز ڈھونڈنا ہے۔اسکول کرکٹ کے لئے ایک بینک سے معاہدہ کیا ہے، ایک موٹر کمپنی آل پاکستان ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم کا اعلان کررہی ہے۔بچوں کو کرکٹ کے ساتھ ساتھ تعلیم بھی دیں گے۔ روایتی چیئرمین نہیں ،نہ چاہتا ہوں کہ کسی کی آواز بند کردوں اور کلب سیاست میں گھس جائوں کہ مجھے کیا فائدہ ہورہا ہے۔ میرا سلوگن ہے کہ جہاں میدان وہاں کرکٹ، سلیکشن میں سب ایک صفحے پر نہیں آسکتے۔ ہماری قوت فاسٹ بولنگ ہے۔ سلیکشن میں دخل نہیں دیتا۔ یہ بابر اعظم کا فیصلہ ہوتا ہے کیوں کہ گرائونڈ میں ٹیم کو اس نے لڑانا ہوتا ہے۔ ہفتے کو صحافیوں کے ایک گروپ سے ویڈیو لنک پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے جو پلان شروع کئے ہیں وہ میرے جانے کے بعد بھی جاری رہیں گے اگر کسی کو کرکٹ سے دشمنی ہوگی تو وہ ان پلانز کو ختم کرسکتا ہے۔ اگر کسی بچے کو بابر اعظم بننا ہے تو اسے پانچ سے چھ سال لگیں گے۔