آزاد کشمیر کا 163 ارب کا بجٹ پیش، تنخواہوں اور پنشن میں 15 فیصد اضافہ

June 26, 2022

مظفرآباد(نمائندہ جنگ،نامہ نگار) آزاد جموں و کشمیر کے نئے مالی سال2022-23کا ایک کھرب 63ارب 70کروڑ روپے کا بجٹ پیش کر دیا گیا، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کیلئے 15فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔20ارب روپے کا اوور ڈرافٹ،واٹر یوزر چارجز سے 70 کروڑ حاصل ہوں گے،50کروڑ کی بیرونی امداد بھی ملے گی۔بجٹ وزیر خزانہ عبد الماجد خان نے پیش کیا، بجٹ میں 1کھرب 35ارب 20کروڑ روپے غیر ترقیاتی اخراجات جبکہ 28ارب 50 کروڑ روپے ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کیے گئے ہیں، تعلیم و صحت کیلئے تقریباً 4؍ ارب مختص کئے گئے ہیں ، ترقیاتی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 2ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم سردار تنویرالیاس کی زیرصدارت کابینہ اجلاس نے بجٹ کی منظوری دی ۔ وزیر خزانہ عبد الماجد خان نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کیلئے 15فیصد اضافہ کی بھی تجویز ہے، ترقیاتی بجٹ میں صحت عامہ کے لیے 1ارب80 کروڑ، تعلیم کیلئے 2ارب 17کروڑ اور مواصلات کے لیے 12ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔نئے مالی سال کے بجٹ میں فزیکل پلاننگ وہائوسنگ کے لئے 3 ارب 30 کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے، ریلیف و بحالیات کے لیے 1 ارب 14 کروڑ 91 لاکھ ، پنشن کے لیے 26 ارب، تعلقات عامہ کے لیے 23 کروڑ 17 لاکھ اور عدلیہ کے لیے 2 ارب 12 کروڑ 28 لاکھ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔بجٹ میں داخلہ کیلئے 7 ارب 25 کروڑ 8 لاکھ، جیل خانہ جات 25 کروڑ 1 لاکھ، شہری دفاع 30 کروڑ 38 لاکھ اور آرمڈ سروسز بورڈ کو 8 کروڑ 50 لاکھ ملیں گے ۔وزیر خزانہ کیمطابق سپورٹس یوتھ کلچر اینڈ ٹرانسپورٹ کو13کروڑ، مذہبی امور 21 کروڑ، سماجی بہبود و ترقی نسواں 61 کروڑ اور زراعت کو 85 کروڑ ملیں گے۔