مویشی منڈیوں میں عوام اور بیوپاریوں کو سہو لتیں فراہم کرنیکی ہدایت

June 28, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے لیے منڈی مویشیاں آئی پندرہ ، ترنول اور سلطانہ فاؤنڈیشن ترلائی کی نگرانی اور مانیٹرنگ کے لے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ایم سی آئی نمائندوں نے بھی شر کت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مویشی منڈی کا باقاعدہ آغاز یکم جولائی سے ہو گا۔ آئی پندرہ کی منڈی کی سپر ویژن اے سی پوٹھوہار، ترنول کی منڈی کی اے سی سدرن اور ترلائی منڈی کی سپر ویژن اے سی رورل کے سپرد ہے۔ مویشی منڈیوں کی نیلامی میں کامیاب بڈرز عوام اور جانوروں کے بیوپاریوں کو پریشانی سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں ۔ جانوروں کے لئے خارجی اور داخلی راستوں کو الگ الگ اور کھلا رکھیں ۔ پارکنگ کے لئے جگہ مختص کی جائے اور روڈ کے ارد گرد گاڑیاں پارک نہ کی جائیں ۔ منڈیوں میں ایم سی آئی، لائیوسٹاک، ہیلتھ اور ٹریفک کا عملہ بھی موجود ہو گا۔ مویشی منڈیوں کے باہر شہر بھر میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر مکمل پابندی ہو گی اور خلاف ورزی پر کاروائی کی جائے گی ۔