نئی بسوں میں کراچی کے شہریوں کا سفر کیسا رہا؟

June 29, 2022

کراچی میں کئی سالوں سے خستہ حال بسوں میں سفر کرنے والے شہریوں نے نئی بسوں میں سفر کرنے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔

نئی بسوں میں سفر کرنے والے کراچی کے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ پہلے ہی روز بسوں میں رش دیکھا گیا۔ اس دوران اے سی اور کشادہ بسوں میں سوار ہو کر شہری ٹینشن بھول گئے اور کھڑے ہو کر بھی خوشی خوشی سفر کیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ منی بسوں اور ویگنوں میں پھنس پھنس کر سفر کر کے تھک گئے تھے، کاش یہ بسیں چلتی رہیں۔

خاتون مسافر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہم سب کے لئے یہ بہترین اقدام ہے جبکہ ایک شخص کا کہنا تھا کہ یہ عوام کے لئے بہت پہلے ہوجانا چاہئے تھا چلیں دیر آئے درست آئے۔

بعض مسافروں نے ایک اسٹاپ کے لئے بھی 50 روپے کرایہ لینے کی شکایت کی۔

یاد رہے کہ صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کل اعلان کیا تھا کہ کرایہ 25 سے 50 روپے تک ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق سندھ کے لئے مزید 100 بسیں بندرگاہ پہنچ گئیں۔ 90 بسیں کراچی اور 10 لاڑکانہ کے لئے ہیں۔