سرکاری رہائش گاہیں ریٹائرمنٹ پر ملازمین کو فروخت یا لیز پر دینے کی اپیل

June 29, 2022

پشاور( نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا کے بے گھر سرکاری ملازمین کی طرف سے حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ ریٹائرڈ ہونیوالے سرکاری ملازمین جن سرکاری رہائش گاہوں میں رہائش پذیر ہیں ریٹائر منٹ پر سرکاری رہائش گاہیں ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کوگھر لیزیا مالکانہ حقوق پر دیئے جائیں اور رہائش گاہوں کی قیمت ریٹائرڈ ہونیوالے سرکاری ملازمین کی پنشن سے ماہانہ اقساط میں وصول کی جائے جس سے حکومت کی آمدنی بھی بڑھ جائے گی اور سرکاری رہائش گاہوں پر مرمت و دیکھ بھال کی مد میں اٹھنے والے اربوں روپے کے اخراجات کی بھی بچت ہوگی جبکہ اس سلسلے میں ہونے والی کرپشن و بدعنوانیوں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔ وفاقی و صوبائی حکومت کو اس سلسلے میں باضابطہ طور پر پالیسی بنانی چاہیے بے نظیر بھٹو دور حکومت میں ایسی پالیسی بنائی گئی تھی تاہم اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا ۔ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو سرکاری رہائش گاہیں مالکانہ حقوق پر دینے سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدنی بھی ہوگی اور ریٹائرڈ ہونے والے سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر سرچھپانے کے لئے مکان کی سہولت بھی مل جائے گی خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین نے خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے سرکاری افسروں پر ایک سے زائد سرکاری گاڑیاں رکھنے پر پابندی اور سرکاری گاڑیاں سرکاری ملازمین کو لیز پر دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا ہے اس سے حکومت کو پٹرول پر خرچ ہونے والی رقم کی بھی بچت ہوگی اور اربوں روپے کی آمدنی بھی ہوگی۔