تاجروں نےمسلم اوقاف کیخلاف احتجاجی کیمپ لگا دیا

June 29, 2022

پشاور(وقائع نگار) مرکزی تنظیم تاجران خیبر پختونخوا صدر ملک مہر الٰہی کی سرپرستی میں محکمہ مسلم اوقاف کے متاثرین کا ایکٹ کیخلاف دوسرا احتجاجی کیمپ اشرف روڈ پر لگایا گیا ۔ کیمپ میں متاثرین تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مختلف بازاروں کے صدور اور تاجر حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دیگر اضلاع کے متاثرین نے بھی احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔ تاجروں نے اس ظالمانہ ایکٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اپنے حقوق اور بچوں کے مستقل روزگار کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کا عندیہ دیا۔ اس موقع پر تاجروں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے اس ایکٹ پر فوری نظرثانی کرنے اور تاجر قائدین کیساتھ مذاکرات کے زریعے اس مسلئے کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے وزراء سے ملاقاتوں کے بعد اب تک مثبت پیش رفت نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ صوبائی حکومت کا غیر سنجیدگی کا یہ رویہ تاجروں کو مزید سخت احتجاجی تحریک کی طرف لے جا رہا ہے۔ کیمپ میں دیگر تاجر تنظیموں کے قاہدین، سماجی اور سیاسی قاہدین اور وکلاہ برادری نے بھی شرکت کی۔ عوامی نیشنل پارٹی حاجی غلام احمد بلور، صوبائی ایم پی اے ثمر ہارون بلور، پی ٹی آئی ایم پی اے ملک واجد، پاکستان پیپلز پارٹی کے سید ظاہر علی شاہ، جے یو آئی رہنماء حاجی عبد الجلیل جان، نائب جاوید سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اختر ‘ مہمند چیمبر کے صدر سجاد خان، پشاور چیمبر کے صدر خالد فاروق ملک، سینئر نائب صدر حاجی وحید، انجمن تاجران چیئرمین شوکت علی، صدر حاجی محمد افضل اشرف، صدر بزنس مین فورم خالد گل مہمند ‘ جنرل سیکرٹری شکیل صراف مرکزی تنظیم تاجران ، ترجمان شہزاد صدیقی اور دیگر قائدین نے احتجاجی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے اس ظالمانہ ایکٹ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تاجروں نے کہا کہ آئندہ احتجاجی کیمپ قائدین کی مشاورت کے بعد لگایا جائے گا۔ صوبائی حکومت نمائندہ ایم پی اے ملک واجد نے صوبائی حکومت کی جانب سے اس مسلئے کو حل کرنے کی مکمل یقین دہانی کروائی اور پر امن احتجاج کو ختم کرنے کی اپیل کی۔