کے الیکٹرک نیٹ ورک اپ گریڈ کرنے میں مکمل ناکام، شرجیل میمن

June 29, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کے الیکٹرک کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھا خاصہ منافع کمانے کے باوجود کے الیکٹرک اپنا نیٹ ورک اپ گریڈ کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے ۔ اسی طرح حیسکو اور سیپکو کی کارکردگی بھی ہے، بجلی کے یہ ادارے عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ۔ وہ منگل کو یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ متعدد بار یہ معاملہ اٹھا چکے ہیں، حیسکو اور سیپکو غیر آئینی کام کر رہے ہیں، کسی ایک شخص کی سزا پورے محلے اور علاقوں کو دیتے ہوئے تمام ایریا کی بجلی منقطع کر دی جاتی ہے، جس کی آئین و قانون اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی بجلی کا بل ادا نہیں کر رہا تو اس شخص کی بجلی منقطع کردینی چاہیے، لیکن پورے محلوں اور گاؤں کے گاؤں بجلی سے محروم کر دیئے جاتے ہیں، یہ ان بجلی کے اداروں کی نااہلی ہے، لیکن سزا عوام کو دی جاتی ہے، کراچی میں بجلی کا سنگین مسئلہ ہے ، اگر شہری رات کو سوئیں گے نہیں تو صبح کام اور مزدوری پر کیسے جائیں گے! سندھ کے دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ دادو ، جیکب آباد اور نواب شاہ میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک جاتا ہے ۔