ایف آئی اے ٹرپل سی کراچی میں درج مقدمے میں 33 نامزد ملزمان میں سے صرف ایک گرفتار

June 29, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں ایک ہفتہ قبل درج مقدمے میں نامزد 33ملزمان میں سے صرف ایک ملزم گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں نامزد سرکاری اور پرائیویٹ افراد مذکورہ سرکل میں دوران تحقیقات تواتر سے حاضری دیتے رہے تھے۔ مقدمہ نمبر 35/2022سب انسپکٹر راحت خان نے درج کیا ہے۔ ایف آئی آر میں تحریر کیا گیا ہے کہ مقدوم آباد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف تحقیقات کا آغاز تین برس قبل انکوائری نمبر 19/2019سے ہوا۔ الزام یہ تھا کہ مذکورہ سوسائٹی کے عہدیداروں نے سرکاری محکمے کوآپریٹو سوسائٹی کے ڈپارٹمنٹ کے پانچ افسران کی ملی بھگت سے 123پلاٹوں کی خریدوفروخت میں گھپلے کیے جب دوران تحقیقات اصل تعداد 73پلاٹ تھے۔ پرائیویٹ افراد نے جعلی کاغذات بھی تیار کیے اور تمام گھپلوں میں کروڑوں روپے کا ہیر پھیر ہوا۔