مجھے یوٹیوبرز کی ہمدردیوں کی ضرورت نہیں: دُعا زہرا

June 29, 2022

اسکرین گریب

کراچی سے لاہور جاکر پسند کی شادی کرنے والی دُعا زہرا نے اپنے نئے انٹرویو میں کہا ہے کہ اُنہیں یوٹیوبرز کی ہمدردیوں کی ضرورت نہیں ہے۔

حال ہی میں دُعا زہرا اور اُن کے شوہر ظہیر احمد نے یوٹیوب پر میزبان، ایکٹیوسٹ اور ماڈل زنیرا ماہم کے ساتھ لائیو سیشن کیا جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔

وائرل ویڈیو کلپ میں دُعا زہرا کو یوٹیوبرز کے لیے کہتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ ’ساری جھوٹی باتیں کہنا بند کریں‘۔

دُعا زہرا نے کہا کہ ’مجھے آپ کی ہمدردیوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے، مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ آپ کو مجھ سے کتنی ہمدردی ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’آپ میرے شوہر کی عزت کریں اور مجھ سے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلانا بند کریں‘۔

دُعا زہرا نے اپنے والدین سے مخاطب ہوتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’ضِد چھوڑ دیں، مجھے اور میرے شوہر کو قبول کرلیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں اغواء نہیں ہوئی ہوں اور یہ بات میرے والدین کو پہلے دن سے معلوم ہے‘۔

واضح رہے کہ 8 جون کو سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دعا اپنی مرضی سے کہیں بھی جاسکتی ہے۔