ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز یوکے کے انتخابات

June 30, 2022

لوٹن(نمائندہ جنگ) ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز یوکے کا سال 2022کا انتخابی عمل مکمل، ڈاکٹر عثمان امیر خان صدر، ڈاکٹر علی رضا جنرل سیکرٹری، ڈاکٹرراشدریاض میڈیا ہیڈ، ڈاکٹر صائمہ نیاز سوشل سیکریٹری منتخب، یہ بات جنگ کو ملنے والی ایک اطلاع میں بتائی گئی ہے ۔تنظیم کے برطانیہ بھر میں علاقائی سطح پر بھی انتخابات مکمل اور چیپٹر ہیڈز اور ایگزیکٹو ممبرز کا انتخاب مکمل ہوا۔ برطانیہ کی ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز (اے پی پی ایس) کا مقصد پاکستانی اوریجن کے ڈاکٹروں اور صحت کے پیشہ ور افراد کے درمیان روابط بنانا، معلومات، ماہرانہ مشورے فراہم کرکے مریضوں کی دیکھ بھال اور تعلیم کے اعلیٰ ترین معیارات کو فروغ دینا بتایا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ APPSUK پاکستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو جدید بنانے کے لیے بات چیت، ہیلتھ اسٹالز اور بروشرز کے ذریعے برطانیہ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں صحت کے بارے میں آگاہی بڑھانے پر بھی کام کر رہا ہے۔ تمام ممبران وفادار اور محنتی پیشہ ور ہیں جو کئی مختلف صلاحیتوں سے NHS میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، علاوہ ازیں APPSUK تنظیم برطانیہ اور پاکستان سمیت ترقی پذیر دنیا میں خیراتی منصوبوں پر فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ دریں اثناء تنظیم کے سابق صدر ڈاکٹر غلام عباس اور بورڈ ممبرز نے نومنتخب عہدیداروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور نئی ذمہ داریاں دیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے ۔