موسم کی تبدیلی ، آم کی پیداوار بری طرح متاثر ہوئی :ڈاکٹر آصف علی

June 30, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)موسم کی غیرمعمولی تبدیلی کے باعث اس سال آم کی پیداوار بری طرح متاثر ہوئی ہے اس کی ریسرچ کے لئے زرعی سائنسدانوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے،یہ بات وائس چانسلرایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر آصف علی نےیونیورسٹی میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہی،انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ ٹیم اس چیز کا پتہ لگائے گی کہ کلائمیٹ چینج کی وجہ سے مینگو پروڈکشن میں اس سال جو کمی رونما ہوئی ہے اس کی کیا وجوہات ہیں،اعلیٰ کوالٹی کے آم کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کی فراہمی ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کے لیے زرعی یونیورسٹی ملتان مینگو بریڈنگ کے منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ آم کو ہائی ویلیو کسٹمر تک بہتر انداز میں پہنچایا جا سکے اور ہمارے کاشتکار کو اچھی قیمت مل سکے،انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان بھر میں آم کے کاشتکاروں کے اشتراک کی بدولت بڑے سٹورز اور چینز کیلئے آم کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ تیار کرنے اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات جیسے یونی ویلیو ،ڈرائی مینگو کو کامیابی کے ساتھ تیار کرنے کے قابل ہیں،یونیورسٹی نے آم کے جدید حل جیسے تھوڑی زمین میں زیادہ درختوں کے نظام(ہائی ڈینسٹی)اور گتے کی پیکنگ کو کامیابی سے فروغ دیا ہے، اس سال مینگو فیسٹیول جو کہ 3جولائی سے 5 تک ڈی ایچ اے میں ہو گا، اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ، پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید، پروفیسر ڈاکٹر مبشر مہدی، ڈاکٹر کاشف رزاق,ڈاکٹر عمار مطلوب، ڈاکٹر عابد حسین بھی موجود تھے ۔