پرفارمنس، فٹنس اور فیلڈنگ سینٹرل کنٹریکٹس کا معیار، محمد وسیم

July 01, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی سی بی چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ آف اسپنر ساجد خان کے بولنگ ایکشن پر کام ہورہا ہے۔ سلمان علی آغا بطور بولنگ آل راؤنڈر ٹیم میں ہیں، یاسر شاہ سے امید ہے کہ کم بیک اچھا کریں گے، ان کا ریکارڈ سری لنکا میں اچھا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی کوئی نیا وکٹ کیپر بیک اپ کے لیے نہیں ہے، محمد رضوان اور سرفراز احمد ہی بہترین وکٹ کیپر ہیں۔نئے سسٹم کے مطابق ریڈ بال اور وائٹ بال کے مختلف کنٹریکٹس لائے ہیں۔ فٹنس اور فیلڈنگ کا معیار بھی دیکھا گیا ہے۔ جمعرات کو پنڈی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں وہ کھلاڑی شامل ہیں جو اگلے 12ماہ کھیلتے نظر آئیں گے، ایسی بات نہیں کہ وائٹ بال سینٹرل کنٹریکٹ والا ریڈ بال نہیں کھیل سکتا ۔ ریڈ اور وائٹ بال کے کنٹریکٹس سے چند کھلاڑیوں کو اہمیت نہیں دی جاتی، دو مختلف کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو دونوں فارمیٹ کھیلنے کے لیے حوصلہ افزائی ملے گی۔ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ خود کو ان 33کھلاڑیوں تک محدود نہیں رکھیں گے بلکہ ضرورت پڑھنے پر فہرست کے باہر سے بھی کھلاڑیوں کو موقع فراہم کرینگے۔ ایمرجنگ کٹیگری میں کھلاڑیوں کی تعداد 3سے بڑھا کر 7کر دی ہے۔